لکھنؤ، 9؍جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کی صنعتی پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور اسے جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کی نئی صنعتی پالیسی کے مسودے کو کچھ ترامیم کے ساتھ اپنی رضامندی دے دی۔وزیر اعلی نے کل دیر رات اتر پردیش صنعتی سرمایہ کاری اور روزگار ترغیبات پالیسی 2017کے مسودہ پیشکش کے دوران پالیسی سے جڑے تمام اہم نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس میں ترمیم کے بارے میں اپنی کچھ صلاح بھی دی ۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق وزیر اعلی کی طرف سے تجویز کردہ ترامیم کو پالیسی کے مسودے میں شامل کرنے کے بعد اسے کل بنیادی ڈھانچہ اور صنعتی ترقی کے محکمہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا جائے گا۔پالیسی کے مسودے پر ویب سائٹ پر ہی متعلقہ فریقوں اور لوگوں سے مشورہ اور اعتراضات مانگے جائیں گے ۔اس کے بعد ہی پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔اس کے بعد صنعتی پالیسی کو منظوری کے لیے ریاستی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔یوگی نے کہاہے کہ اس پالیسی کا مقصد زیادہ سے زیادہ صنعتوں کے قیام، سرمایہ کاری، روزگار اور متوازن اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے، اس کے لیے بنیادی ڈھانچہ سہولیات کو فراہم کرائے جانے اور طریقہ کار کو آسان بنانے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پوروانچل، بندیل کھڈ اور دیگر پسماندہ علاقوں میں صنعتوں کے قیام کو فروغ دیا جائے، مائیکرو ، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں خود کفیل ہونے اور انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کرنے پر خصوصی توجہ دی جانا چاہیے۔